Sweet Flag - Acorus Calamus - Zareerah Benefits in Urdu Tibbe Nabvi
باچھ-ذریرہ
یہ ایک نیم آبی پودہ ہے جو بنیادی طور پر یورپ اور امریکہ میں ہوتا تھا۔ مگر اب ہندوستان میں بھی دریا، ندی نالوں اور ایسے آبی ذخیروں کے کناروں پر ملتا ہے جہاں بارش ذیادہ ہوتی ہے۔ پاکستان میں یہ کاغان اور ہنزہ کے علاقے میں ملتا ہے۔ جبکہ ترکی میں اتنا ذیادہ ہوتا ہے کہ اسے طب یونانی میں وج ترکی کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا ترکی نام کا بگاڑ ہی لاطینی میں ایکورس بن گیا۔
یہ ایک خشبو دار پودا ہے۔ جسکی جڑیں زیادہ خوشبو دار ہوتی ہیں۔ عربی میں اسے ذریرہ کہتے ہیں ، ہندی اور اردو نام باچھ، بچھ یا وچھ ہیں۔
ارشادات نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم
نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشبو کو پسند فرماتے تھے اور عام طور پر اس غرض کیلئے کستوری زیادہ مقبول تھی۔ ان کے ذاتی استعمال کے سُرمہ میں کستوری شامل ہوتی تھی۔ اسلئے وہ [اثمدالمروح] کہلاتا تھا۔ مگر حجۃ الوداع کے اہم موقع پر انہوں نے ایک درآمدی خوشبو استعمال فرمائی۔ ایک روایت میں ہے کہ اس موقع پر آپ کے احرام اور داڑھی مبارک پر ذریرہ کی خوشبو لگائی گئی۔ دوسری روایات سے پتا چلتا ہے کہ ان کو پسا ہوا ذریرہ جسم اور احرام پر جب لگایا گیا تو اس کے سفیدی مائل ذروں کی چمک سر کی مانگ میں نظر آرہی تھی۔
وہ جب بھی کسی چیز کو استعمال فرماتے تھے وہ صرف ایک مقصد کیلئے نہ ہوتی تھی بلکہ وہ ہمہ صفت ہوتی تھی ۔ جیسا کہ زیتون کا تیل، کلونجی، قُسط، شہد اور اب ذریرہ۔
ازواج مطہرہ میں سے ایک محترمہ نے روایت فرمائی ہے۔ میرے پاس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لائے۔ میری اانگلی پر پھنسی نکلی ہوئی تھی۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا تیرے پاس ذریرہ ہے؟ میں نے کہا۔ ہاں۔ انہوں نے فرمایا کہ اس پر ذریرہ لگا دو۔اور یہ دعا پڑھو۔
"اے اللہ تو بڑوں کو چھوٹا کرتا ہے اور چھوٹوں کو بڑا ۔ میرے جو نکلا ہے تو اس کو چھوٹا کر دے۔"
محدثین کے مشاہدات
- ذریرہ ایک ہندوستانی دوا ہے جو تاثیر میں گرم اور مقامی طور پر قابض ہے۔
- سوزش کی وجہ سے پیدا ہونے والی سوجن میں مفید ہے۔
- معدہ ،جگر اور آنتوں کی سوزش کو دور کرتی ہے۔
- جگر کی اصلاح کر کے پیٹ میں بھرے ہوئے پانی کو نکالتی ہے۔
- مدرالبول ہے۔
- دل کو طاقت دیتی ہے۔
- اسکی خوشبو دل میں خوشی لاتی ہے اور طبیعت سے تکدر کو دور کرتی ہے۔
اطباء قدیم کے مشاہدات
- یہ ورم کو تحلیل کرتا ہے۔
- برص اور بہق میں اس کا لگانا مفید ہے۔
- اسکو پانی میں ابال کر کلیاں کی جائیں تو مسوڑھوں کی سوجن کی وجہ سے ہونے والا دانت درد ختم ہوجاتا ہے۔
- اس کی جڑوں کو چبانے سے دانت درد کو فائدہ کے علاوہ پیٹ کادرد اور نفخ جاتے رہتے ہیں۔
- اس کو اونی کپڑوں میں رکھیں تو ان کی کیڑا نہیں لگتا۔
- اس کو سرسوں کے ساتھ پیس کر دکھتے جوڑوں پر لیپ کرنے سے ان کا درد اور ورم ختم ہو جاتے ہیں۔
- بچوں کے پیٹ پر باچھ کا لیپ کرنے سے پیٹ کا درد جاتا رہتا ہے۔ ایک دوسرے ویدک نُسخہ کے مطابق باچھ کو جلا کر اسکی راکھ کو ناریل کے تیل میں ملا کر بچے کے پیٹ پر ملنے سے پیٹ کا درد جاتا رہتا ہے۔
- اس کا جوشاندہ شہد ملا کر پینے سے پیٹ کی تمام تکالیف ختم ہو جاتی ہیں۔
- اس کا تازہ عصارہ آنکھوں میں ڈالنے سے نزول الماء میں فائدہ ہوتا ہے۔
- باچھ کا جوشاندہ دستوں میں فائدہ دیتا ہے۔ اگر ابالتے وقت تھوڑی سی ملٹھی شامل کر لی جائے تو خشک کھانسی میں مفید ہے۔
- شہد کے ساتھ اس کا سفوف بچوں کو چٹانے سے وہ جلد باتیں کرنے لگتے ہیں۔ اس کے پینے سے حافظے میں اضافہ ہوتا ہے اور تشنج میں مفید ہے۔
- مدرالبول اور مدر حیض میں قلت کو دور کرتا ہے۔ گردوں میں سوزش کی وجہ سے اگر پیشاب میں کمی آ گئی ہو تو اسے دور کرتا ہے۔ اس کا یہی اثر استسقاء کو کم کرتا ہے۔
- اس کا مربہ فالج اور مرگی میں مفید ہے۔
- دمہ کا دورہ ختم کرنے کیلئے پہلی خوراک ایک ماشہ دینے کے بعد ہر تین گھنٹے کے بعد 5 رتی دینے سے سانس کی گھٹن ختم ہو جاتی ہے۔
- باچھ کو زیادہ مقدار میں ، قے لانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
جدید مشاہدات
- یہ ہاضم، کاسرالریاح، مدر بول، قاتل کرم شکم ہے۔
- مقوی ہونے کی وجہ سے اعصابی امراض، فالج، نسیان، لقوہ، تشنج، مرگی اور ہسٹیریا میں مفید ہے۔
- ایک حصہ سفوف کو دس گنا پانی میں ابال کر جوشاندہ بناتے ہیں۔ اگر دس گرین سفوف لیا جائے تو اس کے جوشاندہ کے دو بڑے چمچ دن میں 3 یا 4 مرتبہ دئیے جاتے ہیں۔ اعصابی دردوں کے علاوہ اسی مقدار سے تیسرے دن چڑھنے والے ملیریا بخار میں بھی فائدہ دیتا ہے۔ جوشاندہ میں ملٹھی کی چٹکی ملا دینے سے سانس کی نالیوں کو کھولتی ہے اور بلغم کا اخراج کرتی ہے۔
- چھوٹے بچوں کو جڑوں کی راکھ کے تین گرین پرانے اسہال میں مفید ہے۔
- اجوائن اور باچھ کا سفوف مفلوج حصوں پر مالش کیلئے مفید ہے۔
- یہ فالج کی بہترین دوا ہے۔ لیکن بہت کم مقدار میں دی جائے۔ کھانے کے ساتھ ہی دی جائے، ورنہ قے لاتی ہے۔
تفصیل اس ویڈیو میں دیکھیں
#AcorusCalamus, #Calamus, #FlagRoot, #Gurbach, #SweetFlag, #SweetMyrtle, #SweetSedge, #ZareerahBenefitsInUrduTibbeNabvi


Post a Comment